سندھ کی تاریخ میں پہلی بار، کراچی سینٹرل جیل میں قیدی طلبہ کا کانووکیشن

فلاحی تنظیم الخدمت کے تحت کراچی سینٹرل جیل انتظامیہ کے تعاون سے سی آئی ٹی اور لینگویج کورسز میں گریجویشن کرنے والے قیدی طلبہ کے لیے ملکی تاریخ کا پہلا کانووکیشن گزشتہ روز سینٹر جیل کراچی میں منعقد کیا گیا۔

کانووکیشن میں 248 قیدی طلبہ میں اسناد جبکہ سی آئی ٹی، گرافک ڈیزائننگ ، انگلش اور چائنیز لینگویج کے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں 25, 25 ہزار روپے کی رقم اور تحائف تقسیم کیے گئے۔

اس دوران الخدمت کے سی ای ا نوید علی بیگ نے کراچی سینٹرل جیل میں قیدیوں کو مختلف ہنر سکھانے کے لیے ایک بڑے اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

تقریب سے مہمان خصوصی وزیر جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت کے تعاون سے سینٹرل جیل میں قیدیوں کو آئی ٹی اور لینگویج کورسز کروائے جا رہے ہیں،یہ پروگرام ہم سندھ کی تمام جیلوں میں شروع کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ گھٹن کے ماحول میں ہمیں قیدیوں کی خدمت کرنی چاہیے تاکہ یہ معاشرے میں جاکر باعزت روزگار کما سکیں ۔

کانووکیشن سے چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ، آئی جی جیل خانہ جات سندھ قاضی نذیر احمد ، سینئر سپرنٹینڈنٹ جیل عبد الکریم عباسی اور ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدر الدین نے بھی اظہار خیال کیا۔