عمرکوٹ میں چاروں ٹانگیں کٹی اونٹنی کی لاش برآمد

ضلع عمرکوٹ کی تحصیل کنری کے قریب چاروں ٹانگیں کٹی ہوئی مردہ اونٹنی کی لاش برآمد ہونے کے بعد اونٹنی کے مالکان کی جانب سے تفتیش شروع کردی گئی۔

تحصیل کنری کے قصبے مورجھنگو موڑ کے قریب روڈ پر چاروں ٹانگیں کٹی مردہ اونٹنی ملی، جس کے بعد علاقہ مکین اور پولیس بھی جائے وقوع پر پہنچی۔

اونٹنی کے مالک عبدالرشید کپری نے صحافیوں کو بتایا کہ اونٹنی کچھ عرصہ سے بیمار تھی کل دوسرے اونٹوں کے ساتھ چرنے گئی لیکن یہ پیچھے رہ گئی تھی اور صبح اس کی لاش ملی۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کا صبح گاؤں کے لوگوں کے اطلاع دینے پر معلوم ہوا، معلوم نہیں کہ زندہ اونٹنی کی ٹانگیں کاٹی گئیں یا مرنے کے بعد کاٹی گئیں۔

اونٹنی کے مالک کا کہنا تھا کہ وہ کسی پر الزام لگانا نہیں چاہتے، ابھی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ واقعہ کیسے پیش آیا، پولیس جائے وقوع پر پہنچی تھی لیکن رپورٹ درج نہیں کروائی، تفتیش کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

اس سے قبل دو ہفتے پہلے ضلع سانگھڑ میں بھی بااثر شخص نے فصل میں گھسنے پر اونٹنی کی ایک ٹانگ کاٹ دی تھی، جس کے بعد مقدمہ دائر کرکے 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا جب کہ متاثرہ اونٹنی کو دارالحکومت کراچی منتقل کرکے مصنوعی ٹانگ لگا دی گئی تھی۔