ہاکس بے کی 6 ہزار ایکڑ زمین ڈی ایچ اے کو الاٹ کرنے پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا عدالت سے رجوع
سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی)نے سندھ حکومت کی جانب سے کراچی ڈویژن کے ضلع کیماڑی کے علاقے ہاکس بے میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی(ڈی ایچ اے)کو 6ہزار ایکڑ زمین الاٹ کرنے کے منصوبے کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا۔
سندھ یونائٹیڈ پارٹی نے 10 جولائی کو اپنی زمین سے امکانی طور بے دخل ہونے والے لوگوں سے مل کررابطہ مہم شروع کرکے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان بھی کردیا۔
کراچی پریس کلب میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگوں کی زمین پر ڈاکہ ڈالنے کے خلاف مزاحمت کی جائے گی۔
اس موقع پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی رہنما جگدیش آہوجا، منیر حیدر شاہ، منیر نائچ، ایڈوکیٹ خواجہ نوید، ایڈوکیٹ عاقب راجپراور ضلع کیماڑی ٹاون ماڑی پور کی ساحلی پٹی دیھ اللہ بنو، دیھ میندیاری، دیھ چھتاراکے گوٹھوں میں رہنے والی برادریوں کی محلہ کمیٹیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
سید زین شاہ نے مزید کہا کہ ہمیں اور متاثرین کو عدلیہ سے بڑی توقعات ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ ان ہزاروں بے یارومددگار افراد کو انصاف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ گوٹھوں کے رہائشیوں کو تنہا نہیں چھوڑیگی اور انکے حقوق کیلئے قانونی اور احتجاجی تحریک میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی ہر اول دستے کا کردار ادا کریگی۔