کراچی کا ریجنٹ پلازہ ہوٹل ایس آئی یو ٹی اسپتال میں تبدیل
صوبائی دارالحکومت کراچی کے تاریخی اور معروف ریجنٹ پلازہ ہوٹل کی عمارت ایس آئی یو ٹی (سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن) کے حوالے کر دی گئی، جس کے بعد 6 جولائی کو ہوٹل کی عمارت پر باقاعدہ ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ اسپتال کا بینر آویزاں کر دیا گیا۔
اب کراچی کا ایک بڑا ہوٹل ایک بڑے اسپتال کی حیثیت سے کام کرے گا تاہم اسپتال میں کب سے سہولیات کی فراہمی شروع کی جائے گی اس حوالے سے ایس آئی یو ٹی نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
جناح اسپتال اور قومی امراض قلب (این آئی ڈی وی دی) کے قریب شاہراہ فیصل پر قائم اس ہوٹل کی خریداری کا معاملہ گزشتہ سال ستمبر میں سامنے آیا تھا جب ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کے ایک ٹرسٹی شبر زیدی کی 14 ارب 50 کروڑ روپے میں ریجنٹ پلازہ ہوٹل خریدنے کی پیشکش کا لیٹر سامنے آیا تھا جس کے بعد اس کی ادائیگیوں کا سلسلہ جاری رہا اور اب حتمی طور پر اسے اسپتال کے حوالے کر دیا گیا۔
ریجنٹ پلازہ ہوٹل اینڈ کنونشن سینٹر‘ مرکزی شاہراہ فیصل پر 13 ہزار 200 مربع گز کے رقبے پر واقع ہے، کثیر المنزلہ عمارت کا کل احاطہ شدہ رقبہ 47 ہزار 34 مربع گز ہے۔
ہوٹل میں 400 کمرے ہیں جن میں ٹھہرنے والوں کی شرح مالی سال 23-2022 میں 19 فیصد رہی، گزشتہ 2 مالی سالوں میں قبضے کی شرح 20 فیصد اور 9 فیصد رہی۔
ایس آئی یو ٹی کی بنیاد ممتاز سرجن ڈاکٹر سید ادیب الحسن رضوی نے 4 دہائیاں قبل کراچی کے سول اسپتال کے برنز یونٹ میں 8 بستروں پر مشتمل وارڈ کے طور پر رکھی تھی، بعد ازاں اسے سندھ حکومت نے فنڈز دینا شروع کیے۔
کئی برسوں کے دوران بڑے پیمانے پر توسیع سے گزرنے کے بعد یہ ادارہ اب ایک خیراتی ٹرسٹ کے طور پر کام کر رہا ہے اور متعدد ہسپتالوں کے ذریعے ہر سال 5 لاکھ سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات اور مالی امداد فراہم کرتا ہے۔