کراچی میں پھر ٹارگٹ کلنگ: سندھ پولیس کے ڈی ایس پی علی رضا قتل

صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے کریم آباد میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے سینیئر سپرنٹینڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) چوہدری اسلم کے قریبی ساتھی کاؤنٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ ( سے ی ٹی ڈی) کے ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ آف پولیس ( ڈی ایس پی) علی رضا شہید ہوگئے۔

عزیز آباد تھانے کی حدود کریم آباد میں فیصل بازار شکیل کارپوریشن کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان نے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا۔

فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی علی رضا ولد سید ظفر زیدی اور ایک سیکورٹی گارڈ وقار ولد احسن زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کی اطلاع پرپولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پرپہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پرعباسی شہید اسپتال منتقل کیا، تاہم اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےڈی ایس پی علی رضا شہید ہوگئے۔

شہید علی رضا کے قریبی ساتھی اور سی ٹی ڈی انوسٹی گیشن کے انچارج ڈی ایس پی مظہر مشوانی نے بتایا ہے کہ کریم آباد میں علی رضا کا آبائی گھر تھا علی رضا نے سارا بچپن کریم آباد میں گزارا، وہ روزانہ رات 8 بجے اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کیلئے کریم آباد آ جاتے تھے۔

آنے کے مطابق علی رضا اتوار کو کریم آباد پہنچ کر اپنی گاڑی سے اترنے لگے تو گھات لگائے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے علی رضا پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئے۔

ڈی ایس پی علی رضا سی ٹی ڈی انوسٹی گیشن میں تعینات تھے اور سی ٹی ڈی کے شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔

دوسری جانب انہیں شہید کرنے کی ذمہ داری الفجر نامی تنظیم نے قبول کرلی، الفجر نامی دہشتگرد تنطیم نے نامعلوم مقام سے بیان جاری کردیا۔

اس تنظیم نے اس سے قبل سہراب گوٹھ میں پولیس اہلکار کے قتل کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔