اداکارہ شمع منگی فیسٹیولا کے مرض میں مبتلا، حکومت سے مدد کی اپیل
سندھی ڈراموں، فلموں اور تھیٹر کی مقبول اداکارہ شمع منگی فیسٹیولا کے مرض میں مبتلا ہوگئیں، انہوں نے مالی مدد اور علاج کے لیے حکومت سندھ سمیت دیگر ٹی وی چینلز اور فنکار برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے اداروں سے مدد کی اپیل کردی۔
شمع منگی نے فیس بک پر سندھی زبان میں جاری کیے گئے اپنے پیغام میں بتایا کہ انہیں گزشتہ ماہ جون میں عید الاضحیٰ کے بعد تکلیف ہونا شروع ہوئیں اور انہوں ںے کچھ دن تک اپنی تکلیف کو نظر انداز کیا لیکن پھر انہوں نے ڈاکٹرز سے رجوع کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے انہیں فیسٹیولا بتایا لیکن انہیں یقین نہیں آیا اور پھر انہوں نے دوسرے ڈاکٹرز سے رجوع کیا اور انہوں نے بھی انہیں یہی بیماری بتاتے ہوئے جلد آپریشن کروانے کا مشورہ دیا۔
شمع منگی کے مطابق ان کی بیماری ایڈوانس ہوچکی ہے اور انہیں فوری طور پر آپریشن کی ضرورت ہے، اس لیے انہیں مالی تعاون درکار ہے۔
انہوں نے حکومت سندھ اور فنکار برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے اداروں سے معاونت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پیسے نہیں چاہیے بلکہ ان کا علاج اچھے اسپتال سے کروایا جائے۔
بعد ازاں شمع منگی نے فیس بک پر مزید ویڈیو پیغامات میں افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ ان کی مدد نہیں کر رہی اور نہ ہی فنکاروں کی فلاح و بہبود کے ادارے ان سے تعاون کر رہے ہیں۔
شمع منگی نے اس بات پر بھی اظہار افسوس کیا کہ ڈراما ہدایت کار، پروڈیوسرز اور ٹی وی چینلز کے مالکان انہیں ان کی اداکاری کے پیسے بھی نہیں دے رہے، یہاں تک اب وہ بیمار ہوکر بستر تک محدود ہوگئی ہے لیکن اس باوجود انہیں ان کی ادائیگی نہیں کی جا رہی۔
خیال رہے کہ یہ مرض حمل اور زچگی کے دوران ماں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی و جہ سے عورتوں کے جسم میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے ہوتا ہے، تاہم اس کی دیگر وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔
فیسٹیولا ’’ نہ صرف جسمانی اذیت کا باعث ہوتاہے بلکہ اس کے شدید نفسیاتی اور سماجی منفی اثرات بھی ہوتے ہیں جو عورت کو معاشرے میں تضیحک کا نشانہ بناتے ہیں۔
فیسٹیولا کیوں ہوتا ہے اس کا ایک ہی جواب ہے کہ اگر زچگی کا عمل تربیت یافتہ مڈ وائف یا کسی تجربہ کار طبی ماہر کی بجائے دائی یا نا تجربہ کار کی نگرانی میں خاصی دیر تک جاری ر ہے اور زچگی کے دوران بچے (فیٹس) کا سر پیڑو (پیلوس) میں پھنس جائے تو اس کی وجہ سے مثانے کے پٹھے( عضلات) سر کی مسلسل رگڑ سے کمزور ہوجاتے ہیں اور ان میں سوراخ ہوجاتا ہے جس کے باعث یہ سوراخ پیشاب کے مسلسل بہنے کا سبب بنتا ہے۔
وجہ یہ ہے کہ پیشاب نالی کے راستے باہر آنے کی بجائے مسلسل بہنے لگتا ہے کیونکہ یہ کنٹرول سے باہر ہوجاتا ہے اور جب ارادے کے ذریعے کنٹرول کرنے کا نظام کام نہ کرے تو یہ بیماری ویساٹکو جائنل فیسٹیولا (VVF) کہلاتی ہے۔