سندھ حکومت کا 100 یونٹ استعمال کرنے والے گھروں کو مفت بجلی فراہم کرنے کا منصوبہ
سندھ حکومت نے صوبے میں 50 سے 100 یونٹس بجلی استعمال کرنے والے گھروں کو مفت بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں سید مراد علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں بجلی سبسڈی اور عوام کو مفت بجلی فراہم کرنے سمیت مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کے پروگرام پر عملدرآمد کے تحت گرڈ سے باہر رہنے والے صارفین کو شمسی توانائی کے حل کے ذریعے 50 سے 100 یونٹس بجلی استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی.
وزیر توانائی ناصر شاہ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً 80 ہزار گھرانے ماہانہ 50 میگاواٹ بجلی استعمال کر رہے ہیں جن میں کے الیکٹرک کے 441483، حیسکو میں 229338 اور سیپکو میں 125500 دائرہ اختیار میں شامل ہیں۔ اسی طرح ماہانہ 100 میگاواٹ بجلی استعمال کرنے والے گھرانوں کی تعداد 1.9 ملین ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماہانہ 50 سے 100 یونٹس استعمال کرنے والے گھرانوں کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔
مذکورہ فیصلے کی حتمی منظوری بعد میں دی جائے گی۔ اجلاس میں گھروں کو مفت اور قسطوں پر سولر سسٹم دینے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر پی اینڈ ڈی و توانائی ناصر شاہ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے کوآپریٹو سوسائٹیز احسن مزاری، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکرٹری توانائی مصدق خان اور دیگر نے شرکت کی.