سندھ میں صرف 2 لاکھ 11 ہزار غیر ملکیوں کے آباد ہونے کا دعویٰ

ادارہ شماریات نے گزشتہ برس کی جانے والی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے مزید اعداد و شمار جاری کردیے۔ جن کے مطابق سندھ میں افغانستان، بنگلہ دیش،چین اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے سوا دو لاکھ افراد بھی مقیم ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مردم شماری 2023 کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 11 ہزار 660 غیر ملکی شہری رہائش پذیر ہیں جن میں 4 سال کے بچے سے لے کر 75 سال سے زائد عمر کے افراد شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ افغان شہری آباد ہیں جن کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار 875 ہے جبکہ 24 ہزار 137 بنگالی، 757 چینی اور 40 ہزار 891 دیگر ممالک کے باشندے شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ سندھ میں 15 افغانی، 11 بنگالی، 8 چینی اور 35 دیگر ممالک کے خواجہ سرا بھی مقیم ہیں۔ ان خواجہ سراؤں میں سے 11 کی عمر 75 سال سے زائد ہے۔

صوبے میں مقیم زیادہ تر غیر ملکی افراد صوبائی دارالحکومت کراچی میں آباد ہیں۔ تاہم سندھ کی قومپرست جماعتوں کا دعویٰ رہا ہے کہ سندھ میں سوا دو لاکھ نہیں بلکہ 50 لاکھ تک غیر ملکی آباد ہیں۔