کراچی شہری حکومت کا پلاسٹک کے کچرے سے طاقتور بلاک بنانے کا تجربہ کامیاب

صوبائی دارالحکومت کراچی میں پلاسٹک کے کچرے کو ری سائیکل کرکے اس سے پیور بلاک بنانے کا کامیاب تجربہ کرلیا گیا۔

پلاسٹک کچرے سے بلاک بنانے کا کامیاب تجربہ کراچی شہری حکومت کے تعاون سے چلنے والے ادارے جی ٹی ایس امتیاز میں کیا گیا۔

پلاسٹک سے بلاک بنائے جانے کے بعد میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ کے ہمراہ جی ٹی ایس امتیاز کا دورہ کرکے پلاسٹک کے کچرے سے پیوربلاک بنانے کے کامیاب تجربے کا معائنہ کیا۔

انہوں نے پلاسٹک کی تھیلیوں سے پیور بلاک کے فائنل پروڈکٹ کا معائنہ کیا اورکام کو سراہا۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن سالڈ ویسٹ، ڈائریکٹر جی ٹی ایس، انوائرمینٹل اسپیشلسٹ ودیگر موجود تھے ۔

میئر کراچی نے کہا کہ شہر سے کچرے کو صاف کرنے کے لئے فضلے کی ری سائیکل کے متعدد منصوبوں پر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہریالی حب پائلیٹ پروجیکٹ کے کامیاب منصوبے کے بعد دیگر اقدامات میں پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ ویسٹ ٹو انرجی اور دیگر منصوبے بھی پائپ لائن میں ہیں۔

اس موقع پر انوائرمینٹل اسپیشلسٹ سید دلنواز شاہ نے بتایا کہ یہ بلاک زیادہ پائیدار ہیں اور بھاری وزن برداشت کرنے کے لئے ڈیزائن کئے گئے ہیں اور ہیوی ٹریفک والے علاقوں میں لگانے کے لئے بہترین ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے سے ماحولیاتی آلودگی کاخاتمہ ممکن ہے اس کے علاوہ پلاسٹک کی تھیلیوں کو پانی کے ذخائر اور نالوں میں جانے سے بچانے کے لئے ، پلاسٹک کے کچرے کو اس منصوبے کے تحت اہم مقصد کے لئے استعمال میں لایا جا سکتا ہے ۔