سانگھڑ میں دکاندار نے شہری کو ڈکیت قرار دے کر سرعام قتل کر دیا

سانگھڑ میں گزشتہ روز الیکٹرانکس کی دکان میں ڈکیتی کا واقعہ جھوٹا نکلا٫ دکاندار نے گاہک کو تلخ کلامی کے بعد مار کر اسے ڈاکو قرار دے دیا۔

عام شہری کو ڈکیت کا نام دے کر قتل کرنے کے معاملہ کا دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو نے بھانڈا پھوڑا۔

پولیس کے مطابق شہر میں الیکٹرانکس کی دکان میں ڈکیتی کی کوشش کی اطلاع دی گئی تھی، دکاندار نے بتایا تھا کہ مزاحمت پر فائرنگ سے ڈاکو زخمی ہوا جسے اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ دم توڑگیا۔

پولیس نے مبینہ ڈاکو کے ساتھی کو گرفتار کرکے واقعے کا مقدمہ درج کیا تھا۔

واقعے پر متوفی کی لاش رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے لواحقین نے کہا کہ مارا گیا اسماعیل خاصخیلی ڈاکو نہیں زمیندار تھا جو دکاندار سے اے سی کے ریموٹ کا تقاضا کرنے اپنے ساتھی کے ساتھ مسلح ہوکر گیا تھا، جہاں تلخ کلامی ہوگئی۔

https://x.com/saeedsangri/status/1815006985579896908?s=19

لواحقین نے مطالبہ کیا کہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج نکالے گی تو معاملہ سامنے آجائے گا۔

پولیس کے مطاق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسماعیل خاصخیلی مسلح ہوکر دکاندار کو دھمکا رہا ہے، دکاندار کے بیٹے نے مقتول اور اس کے ساتھی کو غیر مسلح کرنے کے بعد فائر کیا۔

پولیس نے دکاندار اور اس کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم ابھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

https://x.com/Liaquatmalick/status/1815116038692114582?s=19