لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کے لیے 37 ہزار کا روبوٹ 4 لاکھ ڈالر میں خریدنے کی تیاری
سندھ ہائیکورٹ نے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کے لیے زائد قیمت پر روبوٹس کی خریداری کی تیاری کے معاملے کے خلاف درخواست پر سندھ حکومت، محکمہ صحت، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی و دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔
سندھ ہائیکورٹ میں لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے لیے زائد قیمت پر روبوٹس کی خریداری کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے لیے نجی کمپنی سے فی سرجیکل روبوٹ 4 لاکھ یو ایس ڈالر میں خریدے جارہے ہیں۔ جبکہ اس کی اصل قیمت 37 ہزار یو ایس ڈالر بنتی ہے۔ جس کمپنی سے خریدے جارہے ہیں اس کمپنی کو ادائیگی بھی دبئی میں کرنی ہے۔
وکیل نے عدالت کو آگاہی دی کہ لیاقت میڈیکل یونیورسٹی نے اس حوالے سے اخبار میں ٹینڈر بھی دے دیا تھا، جس پر مذکورہ کمپنی کو منتخب کیا گیا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ٹینڈر کالعدم قرار دیا جائے۔ قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا ہے۔
عدالت نے سندھ حکومت، محکمہ صحت، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 29 اگست تک جواب طلب کرلیا۔