سندھ یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی جانب سے سینیئرز کو نظر انداز کرکے اپنوں کو نوازنے کا انکشاف

جامعہ سندھ جامشورو کے وائس چانسلر کی جانب سے یونیورسٹی کے سینیئر اساتذہ کو نظر انداز کرکے اپنوں کو پروموشنز اور نوازے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

سندھ یونیورسٹی جامشورو کے شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے اسسٹنٹ پروفیسر عبدالرزاق چھچھر کے پروموشن روکنے کے معاملے کا وزیر اعلیٰ سندھ نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے وائس چانسلر سے جواب طلب کرلیا۔

سیکریٹری یونیورسٹیز نے وائس چانسلر کو خط لکھ کر معلوم کیا ہے کہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے اسسٹنٹ پروفیسر عبدالرزاق چھچھر کو پروموشن کیوں نہیں دیا گیا، کیا وجوہات ہیں، جواب دیں۔

متاثر ہونے والے اسسٹنٹ پروفیسر عبدالرزاق چھچھر کا کہنا ہے کہ بلاوجہ میرا پروموشن روک دیا گیا ہے، جونیئر ٹیچرز کو پروموشن دیکر نواز گیا۔

عبدالرزاق چھچھر نے الزام عائد کیا کہ وائس چانسلر محمد صدیق کلہوڑو نے یونیورسٹی کے اندر اپنی پسند من پسند جاری رکھی ہے، من پسند لوگوں کو نوازا گیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی تفتیش کرواکر انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔