سندھ میں 2024 کے پہلے 7 ماہ میں کاروکاری کے 76 واقعات رپورٹ، نصف لاڑکانہ میں ہوئے

سندھ میں رواں برس کے ابتدائی سات ماہ میں کاروکاری کے 76واقعات رپورٹ ہوئے، سب سے زیادہ واقعات لاڑکانہ رینج میں رپورٹ ہوئے۔

سندھ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواب برس31 جولائی تک سندھ کے مختلف علاقوں میں کاروکاری کے76 واقعات رپورٹ ہوئے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق کاروکاری کے سب سے زیادہ واقعات لاڑکانہ رینج میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 37 ہے جبکہ دوسرے نمبر پر کارکاری کے 22 واقعات سکھر رینج میں رپورٹ ہوئے۔

ریکارڈ کے مطابق شہید بے نظیر آباد رینج میں 8 ، حیدرآباد رینج میں 7 اور کراچی رینج میں کاروکاری کے 2 واقعات رپورٹ ہوئے۔

صوبے میں کاروکاری کے سب سے زیادہ واقعات ماہ جون میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 16 رہی۔

اسی طرح جولائی میں 15، اپریل میں 14، مئی میں 12، جنوری میں 7، مارچ میں 7اور ماہ فروری میں کاروکاری کے 5 واقعات رپورٹ ہوئے۔