سندھ کے سرکاری جامعات کے وی ڈیز کی تنخواہوں میں اضافہ، 8 لاکھ سے زائد وصول کریں گے
حکومت سندھ نے صوبے کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کی تنخواہ معقول اضافے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ ٹی ٹی ایس اسکیل کے مساوی کر دی، جس کے بد ماہانہ تنخواہ 8 لاکھ روپے سے زائد ہوگی، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
اس سے قبل سندھ کی جامعات میں وی ڈیز کی تنخواہوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر نہ ہونے کی وجہ سے ہر وی سی مختلف تنخواہیں وصول کر رہا تھا۔
ماضی میں بعض وی سیز سے پروفیسرز سے کچھ زیادہ تنخواہیں وصول کر رہے تھی جب کہ تنخواہوں کی بالائی حد مقرر نہ ہونے کے سبب متعدد وائس چانسلرز 10 لاکھ سے 30 لاکھ روپے کے درمیان بھی تنخواہیں لے رہے تھے۔
لیکن اب تمام وی سیز زیادہ سے زیادہ تنخواہ 8 لاکھ 20 ہزار روپے وصول کر سکیں گے اور اس میں سالانہ 20 ہزار روپے کا اضافہ ہوگا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب سندھ میں سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کی کم از کم تنخواہ ٹی ٹی ایس کے مساوی 6 لاکھ 84 ہزار 450 روپے ہوگی، جس میں سالانہ تقریبا 20 ہزار روپے کا اضافہ ہوگا۔
وائس چانسلر کے عہدوں پر براجمان افسران کو پہلے سے ملنے والا “وائس چانسلر الاؤنس” روکا نہیں گیا جو بنیادی تنخواہ کا 20 فیصد ہے اور تنخواہ میں اضافے کے اس حالیہ اضافے کے بعد یہ الاوئنس ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد ہوگا اور اس الاؤنس کے ساتھ وائس چانسلرز کی ماہانہ تنخواہ 8 لاکھ 20 ہزار سے زائد ہوگی۔