بدامنی، بلیک میلنگ: جیکب آباد کے ہندو خاندان سندھ چھوڑ گئے

بدامنی، بلیک میلنگ، مذہبی انتہا پسندی اور دوسرے مسائل کی وجہ جیکب آباد کے مزید 2 خاندان بھارت چلے گئے۔

لاقانونیت، انتہاپسندی، اغوا اور بلیک میلنگ کی وجہ سے سندھ سے کئی سال سے ہندو خاندانوں کی جانب سے ہجرت کا سلسلہ جاری ہے۔

عام طور پر شمالی سندھ کے اضلاع جن میں جیکب اباد، کندھ کوٹ، کشمور، شکارپور اور گھوٹکی سر فہرست ہیں وہاں سے ہندو خاندانوں کی ہجرت کا سلسلہ جاری ہے۔

ہجرت کرنے والے ہندو خاندان وہ ہیں جنہوں نے تقسیم برصغیر کے وقت سندھ چھوڑنے سے انکار کردیا تھا اور جہاں تھا کہ وہ اپنی جائے پیدائش کو مذہب کی بنیاد پر نہیں چھوڑیں گے۔

جیکب آباد سے مزید دو خاندانوں کے روانہ ہونے سے قبل گزشتہ کچھ عرصے میں وہاں سے 50 سے زائد خاندان نقل مکانی کر چکے ہیں۔

مقامی انتظامیہ ہندو برادری کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے جب کہ آئے روز ڈاکو ہندو برادری کے افراد کو اغوا کرتے ہی۔

سندھ میٹرز کو ملنے والی معلومات کے مطابق سونو کمار اور مکیش کمار کے خاندان واہگہ بارڈر کے راستے ہندوستان چلے گئے ہیں۔

نقل مکانی کرنے والے خاندان اپنا شہر چھوڑنے سے قبل اپنے عزیزواقارب سے ملتے وقت روتے رہے اور نم آنکھوں کے ساتھ اپنے شہر کو الوداع کیا۔

جہاں کچھ عرصے میں جیکب آباد سے 50 سے زائد خاندان بھارت نقل مکانی کرچکے ہیں وہیں اطلاعات ہیں کہ مزید کئی خاندان بھی ہندوستان جانے کے لیے تیار ہیں۔