وزیر اعلی سندھ کا دادو میں پیسوں کے عوض کم عمر لڑکیوں کی شادی کا نوٹس
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ضلع دادو میں غربت کے باعث رقم کے عوض45 کم عمر بچیوں کی شادیوں کی خبر کا نوٹس لے لیا۔
مراد علی شاہ نے کمشنر حیدر آباد سے 45 لڑکیوں کی رقم کے عوض شادی پر رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر اعلی سندھ نے کمشنر حیدرآباد کو انکوائری رپورٹ میں اپنی سفارشات دینے کی بھی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ نے یہ کمشنر حیدرآباد سے یہ بھی پوچھا ہے کہ کیا بیاہی گئی لڑکیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں سے تھیں؟ اگر سیلاب متاثرہ خاندانوں سے تھیں تو ان کی کتنی امداد کی گئی؟
وزیر اعلی سندھ نے ہدایت کی کہ ان بچیوں کی سماجی، معاشی اور قانونی وجوہات بتائی جائیں، کمیٹی بنا کر گوٹھ میں تفصیلی انکوائری کر یں اور رپورٹ پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ بیاہی گئی لڑکیاں اس وقت کس حال میں ہیں، ہرپہلو کی رپورٹ دیں تاکہ اس کا سدباب کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل رپورٹ سامنے آئی تھی کہ صرف دادو کے ایک ہی گاؤں سے 2022 کے سیلاب کے بعد اب تک 45 کم عمر لڑکیوں کی پیسوں کے عوض شادیاں کرائی گئیں، زیادہ تر لڑکیوں کی عمریں 13 سے 14 سال تک تھی۔