سندھ پریمئر لیگ کا دوسرا سیزن حیدرآباد میں کرانے کی تجویز
سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کے منتظمین نے لیگ کو صوبے کے بجائے عرب ملک قطر میں منعقد کروانے کی تجویز دے دی لیکن وزیر اعلی سندھ نے اسے حیدرآباد میں منعقد کرانے کی تجویز دے دی۔
ایس پی ایل وفد نے کراچی میں سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے ملاقات کی۔
بعد ازاں وفد نے وزیر اعلی سندھ سے بھی ملاقات کی۔
پریمیئر لیگ کے منتظمین نے اس موقع پر ایس پی ایل قطر میں کروانے کی تجویز پیش کی۔
اس پر صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ ایس پی ایل قطر یا سندھ میں کروانے کا فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کریں گے۔
سندھ پریمیئر لیگ کے وفد نے کہا کہ پہلی ترجیح قطر اور دوسری حیدر آباد ہے۔
صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد میں اچھے اسٹیڈیمز ہیں، کرکٹ کروائی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ پریمیئر لیگ حیدرآباد میں منعقد کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کی مہارت میں اضافہ کرنا اور ان کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم صوبے کے شہری و دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کریں گے۔
سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن مواقعوں کی عدم دستیابی کے سبب یہ ٹیلنٹ نظر سے اوجھل ہوجاتا ہے مگر اب سندھ حکومت پریمیئر لیگ کے آغاز سے صوبے کےنوجوانوں کوان کی بہتر کارکردگی کے اعلیٰ مواقع فراہم کرےگی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے رواں سال دسمبر میں حیدرآباد میں سندھ پریمیئر لیگ منعقد کرانے کی تجویز دی اور آئندہ سال سندھ میں نئے اسٹیڈیم بنانے پربھی اتفاق کیاگیا۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے پریمیئر لیگ اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے درمیان کمیٹی قائم کی۔
کمیٹی اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ دسمبر اور آئندہ سال سندھ پریمیئر لیگ کے میچز کا انعقاد کریں گی۔