سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کو اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے گاڑیاں خریدنے سے روک دیا

سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کو صوبے میں اسسٹنٹ کمشنرز (اے سیز) کے لیے 138 ڈبل کیبن گاڑیوں کی خریداری سے روک دیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق اور دیگر نے درخواست دی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے 137 ڈبل کیبن گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی ہے، گاڑیوں کی مالیت ایک ارب 99 کروڑ روپے سے زائد ہے جب کہ صوبے کو اس وقت مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ سندھ میدانی علاقہ ہے، اس کے لیے فور بائے فور ڈبل کیبن گاڑیوں کی ضرورت نہیں۔

عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ گاڑیاں خریدنے کا نوٹیفکیشن اور وزیراعلیٰ کی منظوری کو کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست پر عدالت نے سماعت کرتے ہوئے سندھ حکومت کو گاڑیاں خریدنے روکتے ہوئے نوٹی فکیشن واپس لینے کا حکم دیا۔