کرنسی نوٹ سے ممکنہ طور پر موہن جو دڑو کی تصویر ہٹانے پر سندھ حکومت کا اسٹیٹ بینک کو خط
کرنسی نوٹ سے ممکنہ طور موہن جو دڑو کی تصویر ہٹانے پر سندھ حکومت نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کو خط لکھ دیا۔
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی جانب سے کرنسی نوٹ سے ممکنہ طور پر موہن جو دڑو کی تصویر ہٹانے کے معاملے پر گورنر اسٹیٹ بینک کو خط لکھا گیا۔
خط میں محکمہ ثقافت کی جانب سے اسٹیٹ بینک کے عمل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے معاملے پر غور کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 10 روپے کے نوٹ پر 1970 میں موہن جو دڑو کی تصویر موجود تھی، بعد میں 20 روپے کے نوٹ پر موہن جو دڑو کی تصویر لگائی گئی۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہمارے علم میں آیا ہے کہ اب 20 روپے کے نوٹ سے ممکنہ طور پر موہن جو دڑو کی تصویر ہٹاکر باب خیبر کی تصویر لگائی جائے گی۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ موہن جو دڑو صرف تاریخی نہیں بلکہ یونیسکو کی جانب سے ورلڈ ہیریٹیج سائٹ ہے جوکہ ایک اعلیٰ اور شاندار تہذیب کی پہچان ہے۔ موہن جو دڑو دنیا کی قدیمی شہری آبادیوں میں سے ایک ہے۔ موہن جو دڑو 5 ہزار سال پرانی تاریخی تہذیب کا وارث ہے۔ موہن جو دڑو کا ہمارے کرنسی نوٹ پر ہونا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز سے متعلق اہم وضاحت جاری کر دی ہے۔ اعلامیے کے مطابق مقابلے کا مقصد فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا، کامیاب قرار پائے فن پارے نئے بینک نوٹ سیریز کے حتمی ڈیزائن نہیں ہیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کمپنیاں نئے بینک نوٹوں کے ڈیزائن رواں سال دسمبر تک پیش کریں گی جنہیں اسٹیٹ بینک بورڈ کی منظوری کے بعد آئندہ سال جنوری تک حکومت کی حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
گزشتہ دنوں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے کروائے گئے مقابلے کے نتائج جاری کیے تھے۔