ڈاکٹر شاہنواز کنبھر قتل کیس میں پیر عمر جان سرہندی کی ضمانت منظور

سندھ ہائی کورٹ کی میرپورخاص سرکٹ بینچ نے ڈاکٹر شاہنواز کنبھر قتل کیس میں تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) کے رہنما پیر عمر جان سرہندی کی 10 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے بہنوئی ابراہیم کنبھر کی شکایت پر پیر عمر جان سرہندی، ڈی آئی جی جاوید جسکانی، اس وقت کے ایس ایس پی میرپور خاص اسد چوہدری، ایس ایس پی عمرکوٹ آصف رضا بلوچ اور دیگر 45 افراد کے خلاف مقدمہ درج ہے اور ان کا نام ایف آئی اے کی اسٹاپ لسٹ میں بھی شامل ہے۔

مذکورہ کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے عمر جان سرہندی سندھ ہائی کورٹ بینچ میرپور خاص میں پیش ہوئے، جہاں ان کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

عدالت نے پیر عمر جان سرہندی کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی۔

دوران سماعت ٹی ایل پی رہنما کے وکیل نے قتل کی ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے کی بھی درخواست دائر کی۔

عدالت نے تمام فریقین کو درخواست جاری کرتے ہوئے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی۔