ہاکس بے پر ڈی ایچ اے کو 6 ہزار ایکڑ زمین دینے کا فیصلہ نہیں ہوا, سندھ حکومت کی عدالت کو آگاہی

سندھ حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کو آگاہی دی ہے کہ ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی(ڈی ایچ ای)کو ہاکس بے پر فی الحال زمین الاٹ کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا، تاہم ڈی ایچ اے کو ہائوسنگ اسکیم کے لیے اراضی کی الاٹمنٹ کی تجویز ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس امجد علی سہتو پرمشتمل 2 رکنی بینچ نے ڈی ایچ اے کو ہاکس بے میں 6 ہزار ایکڑ اراضی کی الاٹمنٹ سے متعلق سندھ حکومت کے مجوزہ منصوبے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکومت تسلیم کر رہی ہے کہ تجویز موجودہے مگر تاحال مجوزہ ہائوسنگ اسکیم کے لیے ڈی ایچ اے کو اراضی الاٹ نہیں کی گئی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہائوسنگ اتھارٹی آرڈیننس 1982 میں کالعدم کو آپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1925 کے حوالے سے ہاسنگ اسکیموں کے لیے زمین کی الاٹمنٹ کو لازمی قراردیا گیا ہے تاہم اب سندھ کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 2020 لاگو ہے اور 1925 کے قانون اب اطلاق نہیں ہوگا۔