مچھروں کی بہتات، سندھ بھر ڈینگی میں تشویش ناک اضافہ

بارشوں اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے صوبے بھر میں مچھروں کی بہتات سے جہاں ملیریا میں بھی اضافہ ہوا ہے، وہیں ڈینگی میں بھی تشویش ناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
صرف دارالحکومت کراچی میں رواں ماہ 16 اکتوبر تک ڈینگی کے 90 کیس سامنے آئے ہیں، جس کے بعد شہر میں رواں برس سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 1 ہزار 473 تک جا پہنچی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے جب کہ باقی شہروں میں ڈینگی کی شرح بہت کم ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت صوبے بھر میں ڈینگی کے کیسز میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، جس کی بہت بڑی وجہ پانی کی نکاسی مؤثر طر یقے سے نہ ہونا ہے۔
ڈاکٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ڈینگی مزید نہ پھیلے اور ان جگہوں پر خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے جہاں پانی ٹھہرا رہتا ہے.
ڈاکٹر نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مچھر دانی کا استعمال کریں اور جب گھر سے باہر نکلیں تو پورا لباس پہن کر نکلیں۔