موسم کی تبدیلی، سندھ بھر میں نمونیہ میں بھی اضافہ ہونے لگا
موسم کی تبدیلی کی وجہ سے سندھ بھر میں اور خصوصی طور پر صوبائی دارالحکومت کراچی میں نمونیہ میں اضافہ ہونے لگا۔
ماہرین صحت کے مطابق سندھ بھر میں روزانہ کی بنیاد پر نمونیہ کے 30 سے 50 کیسز رپورٹ کیے جا رہے ہیں اور کیسز کی تعداد معمول سے کہیں زیادہ ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ (این آئی سی ایچ) انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر نمونیہ کے 30 کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
علاوہ ازیں جناح اور سول اسپتال سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں میں بھی روزانہ کی بنیاد پر 10 سے 15 کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق موسم کی تبدیلی کی وجہ سے صوبے میں نمونیہ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نمونیہ میں اکتوبر، نومبر، اور دسمبر میں بہت زیادہ اضافہ ہوجاتا ہے۔
نمونیہ کی علامات میں سرخ پیلے، یا سرخ بلغم کے ساتھ کھانسی اور بخار کے ساتھ پسینہ آنا، ٹھنڈ لگنا، سانس لینے میں دشواری اور گہری سانس یا کھانسی کے دوران سینے میں درد شامل ہیں ۔