سندھ حکومت کا بھینسوں کی رجسٹریشن کرنے کا اعلان

news-1729704912-3988

سندھ حکومت نے ایک بار پھر صوبے کی بھینسوں کی رجسٹریشن کرنے کا اعلان کردیا۔

سندھ حکومت ماضی میں بھی بھینسوں سمیت دیگر گھریلو و پالتو جانوروں کی رجسٹریشن کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔

صوبائی حکومت نے 2017 میں مال مویشی کی رجسٹریشن کرنے اور انہیں شناختی نمبر جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہے صوبائی اسمبلی میں سندھ لائیو اسٹاک رجسٹریشن اور ٹریڈ اتھارٹی کے قیام کا بل بھی پیش کیا تھا۔

بل میں تجویز دی گئی تھی کہ سندھ میں بڑے جانوروں گائے، بھینس، اونٹ کے علاوہ بکرے، بکری اور دنبے کو شناختی دستاویز جاری کیے جائیں گے۔ ’ان جانوروں کی بین الاضلعی اور بین الاصوبائی نقل و حرکت کے لیے اتھارٹی کی اجازت لازمی ہوگی، اس کے لیے انھیں اجازت نامہ جاری ہوگا۔

’ہر جانور کا رجسٹریشن دستاویز میں کوڈ نمبر ہوگا، جس میں مالک کا نام، پتہ، جانور کو کہاں رکھا گیا تھا، جہاں منتقل کیا جارہا ہے وہاں کا نام اور کوڈ نمبر اور اگر مذبحہ خانہ منتقل کیا جارہا ہے تو وہاں کا نام اور کوڈ نمبر تحریر ہوگا۔‘

تاہم بعد ازاں اس پر مزید کام نہ ہوسکا لیکن اب ایک بار پھر صوبائی حکومت نے بھینسوں سمیت دیگر جانوروں کی رجسٹریشن کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے سندھ اسمبلی کے 23 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں بھینسوں کی رجسٹریشن کا اعلان کیا۔

،سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ہر کسان کو 6 ہزار ماہانہ دے رہی، ضروری ہے کہ یہ رقم حقیقی کسانوں اور حقدار تک پہنچے۔

اگرچہ انہوں نے خصوصی طور پر بھینسوں کی رجسٹریشن کرنے کا اعلان کیا، تاہم انہوں نے اور حکومت نے بھینسوں کی رجسٹریشن کا طریقہ کار واضح نہیں کیا اور نہ ہی یہ کنفرم ہو سکا ہے کہ یہ عمل کب سے شروع کیا جائیگا۔