کراچی پریس کلب میں پہلی بار خواتین صحافیوں کے لیے ککنگ شو اور مقابلے کا اہتمام

کراچی پریس کلب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین صحافیوں کے لیے ایک منفرد لائیو ککنگ اور فوڈ امپاورمنٹ شو اور تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

یہ پروگرام ممبر گورننگ باڈی مونا صدیقی اور شازیہ حسن کی سرپرستی میں ہوا، جس میں معروف شیف سبین فاطمہ نے براہِ راست کھانا پکانے کا مظاہرہ کرنے صحافی خواتین کو بھی کھانا پکانے کی ٹپس دیں۔

پروگرام کے دوران ککنگ شو کے ساتھ خواتین صحافیوں کے درمیان مختلف سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں۔

لائیو ککنگ کے بعد خواتین صحافیوں کے درمیان ایک دلچسپ سلاد بنانے کا مقابلہ ہوا، جس میں فری لانس صحافی رباب ابراہیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جیو ٹی وی کی شفق نے دوسری، اور تیسری پوزیشن حنا غزل نے لی۔

اسی طرح سینڈوچ بنانے کے مقابلے میں جیو ٹی وی کی بشریٰ خالد نے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔

پروگرام کے دوران خواتین صحافیوں کے لیے سوال و جواب کا سیشن بھی رکھا گیا، جس میں صحیح جوابات دینے والی خواتین کو خصوصی گفٹ ہیمپرز سے بھی نوازا گیا۔

پروگرام کے آخر میں کراچی پریس کلب کے سیکریٹری شعیب احمد نے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر تمام خواتین کو مبارکباد دی اور شیف سبین فاطمہ کو اعزازی شیلڈ اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں اس طرح کی ورکشاپ کا مقصد خواتین صحافیوں کو کھانا پکانے میں خود مختار بنانا اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب ہمیشہ سے خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر مواقع فراہم کرتا آیا ہے، اور یہ ورکشاپ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔