نیوٹیک کا سندھ کے 50 ہزار پسماندہ طبقے کے جوانوں کو تربیت فراہم کرنے کا دعویٰ

وزیراعظم یوتھ اسکِل ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایم وائی ایس ڈی پی) کے تحت، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) نے 2020 سے 2024 تک سندھ اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں 71,618 مرجنلائزڈ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو مہارت کی تربیت فراہم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق نیوٹیک نے سندھ میں 49,888 نوجوانوں اور بلوچستان میں 21,730 نوجوانوں کو اسکالرشپ اور ٹریننگ دی۔

مذکورہ پروگرام نے نوجوانوں کو قیمتی تکنیکی مہارت حاصل کرنے اور روزگار کے مواقع کو بہتر بنانے میں مدد دی، اس پروگرام کا مقصد ان علاقوں کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انکلوسیو ترقی کو فروغ دینا تھا۔

حکام کے مطابق سندھ میں تربیت کو سب سے زیادہ پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں تک پہنچایا گیا، جس میں تھرپارکر (مٹھی) کے 1,280 نوجوان، عمرکوٹ کے 908 نوجوان اور قمبر شہدادکوٹ کے 250 نوجوانوں کو اس سے فائدہ ہوا۔

اسی طرح بلوچستان میں، برخان (69)، چاغی (114) اور بولان (224) کے نوجوانوں کو بھی ضروری مہارتیں سکھائی گئیں تاکہ انہیں بہتر روزگار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام خاص طور پر پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرتا ہے، انہیں ہدف شدہ تربیت اور ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ یہ پہل حکومت کی وسیع تر کوشش کا حصہ ہے جو پورے پاکستان میں اقتصادی خود کفالت اور انکلوسیو ترقی کو فروغ دینے کے لیے ہے۔