سندھ بھر کے 18 اضلاع میں 22 عہدوں کے لیے ضمنی بلدیاتی پولنگ

0

سندھ بھر کے 18 اضلاع میں 22 مختلف عہدوں کے لیے ضمنی بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ جاری ہے۔

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔

پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 16 سے 18 اہلکار جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8 سے 12 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

کراچی ڈویژن کے 6 اضلاع سمیت دیگر ڈویژنز کے 12 اضلاع میں 22 مختلف کٹیگریز کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

سکھر کی 2 نشستوں میں یونین کمیٹی نمبر6 کے وائس چئیرمین اور یوسی روہڑی کے چیئرمین کیلئے الیکشن ہو رہا ہے جبکہ نواب شاہ کی 4 نشستوں، سکرنڈ کے حلقہ 4 میں وائس چیئرمینوں، وارڈ نمبر دو میں جنرل کونسلر، ایچ ایم خواجہ یونین کونسل 4 میں چیئرمین اور ممبر ضلع کونسل کا انتخاب ہو رہا ہے۔

گھوٹکی میں اوباڑو کی یونین کونسل کموں شہید کے چیئرمین کیلئے پولنگ ہو رہی ہے جبکہ حیدرآباد میں 5 نشستوں اور ٹنڈو محمد خان میں 2 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

ٹنڈوالہیار کی یونین کونسل لانڈھی کے وارڈ نمبر 2 پر جنرل کونسلر، لاڑکانہ میں رتودیرو کے وارڈ نمبر 2 میں جنرل کونسلر اور قمبرشہدادکوٹ میں یونین کونسل لاکھا میں جنرل کونسلر کی نشست پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

مٹیاری ٹاؤن کمیٹی کے وارڈ 7، جیکب آباد میونسپل کمیٹی کے وارڈ نمبر 6 پر جنرل کونسلر، شکارپور یونین کونسل نمبر 5 میں چیئرمین جبکہ نوشہرو فیروز میں یونین کونسل نیوآباد میں چیئرمین اور کندھر میں کونسلر کی نشست پر پولنگ ہو رہی ہے۔

تبصرہ کریں