جنگلی حیات کے تحفظ و ترقی کے لیے سندھ وائلڈ لائف ڈیولپمنٹ فنڈ کا قیام
سندھ حکومت نے جنگلی حیات کے تحفظ اور ترقی کے لیے خصوصی فنڈ متعارف کرادیا۔
محکمہ جنگلات وجنگلی حیات نے جنگلی حیات کے تحفظ اورترقی کے لیے”سندھ وائلڈ لائف کنزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ فنڈ” کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کےمطابق فنڈ کے لیے مطلوبہ رقم سرکاری خزانے سے نہیں لی جائے گی بلکہ غیرسرکاری اداروں، بین الاقوامی اوردیگر ذرائع سےحاصل کی جائے گی، جمع شدہ اصل رقم کو بینک میں محفوظ رکھا جائے گا اوراس رقم سےحاصل ہونے والےمنافع کو استعمال کیا جاسکےگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس فنڈ کے مالی امور کی نگرانی ایک کونسل کرے گی، یہ فنڈ "سندھ وائلڈ لائف پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ ایکٹ 2020” اور "رولز 2022” کے تحت مجاز اتھارٹی کی منظوری سےقائم کیا گیا، جس کا مقصد صوبے میں جنگلی حیات کے تحفظ اورترقی کے لیےمطلوبہ وسائل فراہم کرنا ہے۔
محکمہ جنگلی حیات صوبہ سندھ کےکسی بھی فیلڈ آفس کو جنگلی حیات کے تحفظ کے لیےمطلوبہ رقم استعمال کرنے کی منظوری سندھ وائلڈ لائف کونسل سے پلان آف آپریشن کی صورت میں حاصل کرنی ہوگی،جس کا قیام عمل میں پہلے ہی لایا جا چکا ہے۔
کونسل کے اراکین میں شامل قابل ذکرچند ناموں جسٹس ریٹائرڈ سرمد جلال عثمانی،ندیم خالد، سیکریٹری پلاننگ سندھ، ڈاکٹرفہمیدہ فردوس ودیگرشامل ہیں۔