سندھ حکومت کا سیلاب متاثرین کے تین لاکھ گھر تعمیر کرنے کا دعویٰ
سندھ حکومت نے صوبے بھر میں سیلاب متاثرین کو تین لاکھ گھر تعمیر کرکے فراہم کرنے کا دعویٰ کردیا۔
سندھ بھر میں 2022 میں شدید سیلاب آیا تھا، جس وجہ سے صوبے کے ایک کروڑ سے زائد افراد بے گھر ہوئے تھے جب کہ 21 لاکھ سے زائد گھر مکمل طور پر یا زیادہ طور پر تباہ ہوگئے تھے۔
سندھ حکومت نے سیلاب میں تباہ ہونے والے تمام گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا تھا اور اب سندھ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے تین لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل کرلی۔
سندھ حکومت کے مطابق سندھ پیپلز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے 300,000 سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل کر لی جو کہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے۔
سندھ حکومت کے مطابق جہاں تین لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل کرلی گئی، وہیں 8 لاکھ 10 ہزار مکانات تکمیل کے مختلف مراحل میں بھی ہیں۔
سندھ پیپلز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے مطابق تمام گھر موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائے جا رہے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آذر بائیجان کے شہر باکو میں ہونے والے COP-29 کانفرنس میں عالمی برادری کو ایس پی ای ایف اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔