دبئی چھوڑ کر سندھ میں محبت کی شادی کرنے والی خاتون شوہر کے ہاتھوں قتل

IMG-20241125-WA0035

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی چھوڑ کر ضلع مٹیاری کے ایک چھوٹے قصبے میں رہنے والے اپنے پھوپھی ژاد شخص سے محبت کی شادی کرنے والی خاتون شوہر کے ہاتھوں قتل ہوگئی۔

پولیس کے مطابق ضلع مٹیاری کی تحصیل نیو سعید آباد کے قصبے بکھر جمالی کی رہائشی تین بچوں کی ماں سندھی سبجیکٹ اسپیشلسٹ ٹیچر افشاں رابعہ جمالی کو ان کے شوہر امداد جمالی نے غیرت کے نام پر قتل کیا۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون کے قتل کے بعد ملزم اہل خانہ سمیت فرار ہوگئے تھے لیکن بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو پسٹول سمیت گرفتار کرلیا۔

قتل ہونے والی افشاں رابعہ جمالی کے والدین دبئی میں رہائش پذیر ہیں جو کہ بیٹی کے قتل کے وقت سعودی عرب عمرے کی ادائیگی کے لیے گئے ہوئے تھے،جہاں انہیں بیٹی کے قتل کی اطلاع دی گئی۔

مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا جب کہ ان کی نماز جنازہ میں شہر بھر کے درجنوں افراد نے شرکت کی۔

پڑھی لکھی خاتون کے خود سے کم پڑھے لکھے شوہر کے ہاتھوں قتل پر سندھ بھر کے سوشل میڈیا صارفین نے غم و غصے کا اظہار کیا اور ملزم کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

مقتولہ کے والد کے مطابق ان کی بیٹی نے ان کی بات نہ مانتے ہوئے ایک دہائی قبل پھوپھو کے بیٹے سے پسند کی شادی کی تھی اور انہوں نے دبئی کی پرتعیش زندگی کو چھوڑا تھا۔

والد کے مطابق ان کی بیٹے کے شوہر لالچی شخص تھے، بیروزگار ہونے کی وجہ سے بیٹی کو تنگ کرتے رہتے تھے، کچھ دن قبل ہی بیٹی کو دو لاکھ روپے بھیجے تھے جب کہ بیٹی کے بینک اکاؤنٹ میں ڈھائی لاکھ روپے سے زائد رقم موجود تھی، شوہر نے ان سے پچاس ہزار روپے دینے کا کہا، انکار پر اس نے بیوی کو قتل کیا۔