کلچرل ڈے: سندھ سمیت دنیا بھر میں سندھی اجرک، ٹوپی، جھمر اور گیتوں پر جھوم اٹھے
ثقافتی عید کے موقع پر سندھ بھر میں کراچی سے لے کر کشمور تک تمام شہر اجرک، ٹوپی، جھمر اور قومی گیتوں سے گونج اٹھا، شہر، شہر، قصبے، قصبے میں ہونے والی تقریبات میں بچوں، بزرگوں اور خواتین کی بھرپور شرکت۔
سندھ میں ہر سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں ثقافتی دن منایا جاتا ہے، جسے صوبے کے لوگ ثقافتی عید کے طور پر مناتے ہیں اور اس دن کے لیے تمام بچے، خواتین اور بزرگ افراد خصوصی لباس تیار کرواتے ہیں۔
سندھی ثقافتی دن کے موقع پر دارالحکومت کراچی کے مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا جب کہ حیدرآباد میں بھی پریس کلب سمیت دیگر مقامات پر مختلف تقریبات رکھی گئیں۔
سکھر، میرپور خاص، نوابشاہ اور لاڑکانہ ڈویژن کے بھی چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی ثقافتی دن کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
اس بار ثقافتی دن کو دریائے سندھ پر مزید نہریں نامنظور کی تھیم کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
کلچر ڈے کے موقع پر متعدد گلو کاروں نے نئے گانے بھی ریلیز کیے۔
کلچر ڈے کی مناسبت سے سندھ بھر میں 2 ہفتے قبل ہی تقریبات کا آغاز ہو چکا تھا، اسکولوں، آرٹس کونسلز اور پریڈ کلبز سمیت دیگر اداروں میں بھی ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
خیال رہے کہ سندھ بھر میں ہر سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں سندھی ثقافت کا دن منایا جاتا ہے اور اسے 2010 سے منایا جا رہا ہے۔
سندھی ثقافتی دن کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے دوسرے صوبوں اور خطوں میں رہنے والی برادریوں اور قوموں نے بھی اپنے ثقافتی دن منانا شروع کیے تھے۔