سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہونے کے بعد ٹنڈو آدم میں جواں سالہ لڑکی کی خودکشی
سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر پڑوسی شخص کی جانب سے تصویر وائرل کرنے کے بعد ٹنڈو آدم کی جواں سالہ لڑکی نے دلبرداشتہ ہوکر خود کشی کرلی۔
ٹنڈو آدم کی روشن کالونی کی رہائشی خاتون سونیا کشمیری کے مطابق ان کی بیٹی کو پڑوسی شخص عمران کھوسو بلیک میل کرتے رہتے تھے، ایک دن قبل انہوں نے ان کی چھوٹی بیٹی کائنات کو بتایا کہ انہوں نے ان کی بڑی بہن عروج کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، جس کے بعد بیٹی نے خود کشی کرلی۔
خاتون کے مطابق ملزم کافی عرصے سے ان کی بیٹی کو بلیک میل کرتے آ رہے تھے، ملزم کی جانب سے بیٹی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے بعد بیٹی نے گھر میں ہی خودکشی کرلی۔
بعد ازاں بی سیکشن پولیس نے اطلاع پر گھر پہنچ کر مقتولہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد اسے ورثا کے حوالے کردیا۔
مقتولہ لڑکی کے اہل خانہ نے پولیس اور اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لے کر ملزم کو گرفتار کرکے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا۔
سندھ کے مختلف شہروں میں پہلے بھی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد لڑکیوں کی جانب سے اپنی جان لینے کی خبریں آتی رہی ہیں۔