خیرپور کی خواتین کے لیے ہیلویتاس پاکستان اور انڈس کرافٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے سہولیات سینٹرز کا قیام
ہیلویتاس پاکستان اور انڈس کرافٹس فاؤنڈیشن (آئی سی ایف) کی جانب سے آئندہ ہفتے 25 دسمبر کو ضلع خیرپور میں سیلاب سے متاثرہ دستکار خواتین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سہولت سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا۔
دونوں تنظیمیں سندھ میں سیلاب سے متاثر ہونے والی ہنر مند خواتین کی مدد، ان کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
خیرپور میں آئندہ ہفتے رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سیدہ نفیسہ شاہ اور ہیلوییاس پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر ارجمند نظامی بٹ اور آغا علی جتوئی دستکار خواتین کے لیے کام کرنے کی نئی سہولیات کا افتتاح کریں گے۔
مذکورہ تقریب کے دوران، سیلاب سے متاثرہ دستکار خواتین میں ٹول کٹس اور دیگر مواد بھی تقسیم کیا جائے گا تاکہ ان کی بحالی میں مدد مل سکے۔
سہولیات سینٹرز کا افتتاح خیرپور کے دور دراز کے دیہاتوں میں کیا جائے گا تاکہ اس سے زیادہ سے زیادہ دیہی خواتین فائدہ حاصل کرسکیں۔
سندھ بھر میں 2022 میں خطرناک سیلاب آتا تھا اور ضلع خیرپور صوبے کے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں سے ایک ہے، سیلاب سے صوبے کے زیادہ تر دیہی علاقے تباہ ہوئے تھے، جس وجہ سے وہاں کی ہنر مند خواتین بھی شدید متاثر ہوئی تھیں۔