نئوں ڈیرو میں آٹھویں ادب اور کتاب میلے کا انعقاد
ضلع لاڑکانہ کے شہر نئوں ڈیرو میں آٹھویں سالانہ بک فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت علم و ادب سے وابستہ افراد اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سرتیوں کرافٹس، سب جو آواز، سندھیکا اکیڈمی اور سوشل ڈویلپمنٹ ایسوسیشن نئوں ڈیرو کی جانب سے تعلیمی، سیاسی، سماجی و ادبی شخصیت مرحوم محمد بخش کٹپر کی یاد میں منعقد کیے گئے فیسٹیول اور میلے کا افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ضلع لاڑکانہ کے جنرل سیکریٹری و چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل اعجاز احمد لغاری نے کیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر خلیل احمد کٹپر، عزیز احمد کٹپر، بشیر احمد کٹپر سمیت وائس چيئرمين ضلع کونسل و صدر تحصیل لاڑکانہ اسد الله بھٹو، پیپلز پارٹی تحصیل رتوڈیرو کے صدر لالا نظر محمد پٹھان، جنرل سیکریٹری زاھد حسين جلبانی، چیئرمین میونسپل کامیٹی نئوں ڈیرو عبدالخالق بھٹو، ایڈووکیٹ الله ڈنو بھٹو، غلام حسين کٹپر اور دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور اس دوران وہ طلبہ سے گھل مل گئے۔
کتاب فیسٹیول و ادبی میلے کا اہتمام کرنے والوں میں خالد احمد کوری، فیاض حسین ابڑو ، عزیز اللہ کٹپر، ارشاد میرانی اور غلام علی بھٹو سمیت دیگر علم و ادب کے چاہنے والے نوجوان شامل ہیں۔
افتتاحی تقريب میں مرحوم محمد بخش کٹپر صاحب کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ادبی میلے و کتاب فیسٹیول کا انعقاد شاھ لطيف پارک نئوں ڈیرو میں کیا گیا، جہاں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھی شرکت کی اور انہوں نے ایسے مزید فیسٹیولز منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔
نئوں ڈیرو کا نوجوان‘ سرتیوں‘ کو سندھ کا عالمی ثقافتی برانڈ بنانے کا خواہاں