سال 2024 میں سندھ میں ملیریا کے 3 لاکھ 12 ہزار کیسز رپورٹ، ڈینگی بھی پھیلتا رہا
مچھروں کی بہتات کے باعث سال 2024 میں سندھ بھر میں ڈینگی ، ملیریا سمیت چکن گونیا کے ہوشربا کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ دیگر بیماریاں بھی پھیلتی رہیں۔
موسمیاتی تبدیلیوں اور بارشوں کے بعد نکاسی آب نہ ہونے سے مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہوا اور لاکھوں شہری بیمار ہوئے۔
سال 2024 میں سندھ بھر میں ڈینگی کے 2 ہزار 605 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جس میں سے 1 ہزار 130 کا تعلق کراچی ڈویژن سے تھا۔
اسی طرح صوبے بھر میں ملیریا سے 3 لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 45 ہزار سے زائد کا تعلق کراچی ڈویژن سے تھا۔
دوسری جانب چکن گونیا بھی 2024 میں سندھ میں ایک بڑا مسئلہ بن کر سامنے آیا۔
کراچی میں 956 مشتبہ کیسز سامنے آئے، جن میں سے 172 میں تصدیق ہوئی۔
شدید بخار، جوڑوں میں درد اور پیروں میں سوجن جیسی علامات کے ساتھ شہری اسپتالوں میں داخل ہوئے۔
سول اسپتال کراچی کے شعبہ ایمرجنسی انچارج ڈاکٹر عمران سرور شیخ کہتے ہیں کہ اگست کا مہینہ گزرتے ہی کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا اور اکتوبر آنے تک کیسز بے قابو ہوگئے۔
ملیریا، چکن گونیا اور ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز صوبائی حکومت اور صحت کے اداروں کیلئے سنگین چیلنج بھی بنے رہے۔