بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی قسط میں 3 ہزار روپے کا اضافہ

وفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کے تحت مستحق خواتین کے لیے سہ ماہی قسط 10500 سے بڑھا کر 13500 کردی۔

حکومت نے سال 2025 کے آغاز پر مستحق خواتین کے فنڈز میں سہ ماہی 3000 ہزار روپے کا اضافہ کردیا۔

حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پروگرام سے سندھ کی 90 لاکھ سے زائد خواتین بھی اس بار اضافی رقم وصول کریں گی۔

حالیہ اضافے سے قبل بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کو ہر 3 ماہ بعد 10 ہزار 500 روپے کی قسط ملتی تھی۔

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے سال نو پر مستحق خواتین کیلئے قسط میں اضافے کا اعلان کیا۔

ویڈیو بیان میں سینیٹر روبینہ خالد نے اس حوالے سے کہا کہ جنوری 2025 سے بینظیر کفالت سہ ماہی قسط کی رقم کو 10500 سے بڑھا کر 13500 روپے کر دیا گیا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ یہ سال ہم بینظیر ہنرمند پروگرام کیلئے وقف کر رہے ہیں۔ بینظیر ہنرمند پروگرام کے ذریعے مستحق افراد خود اپنا روزگار کما کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں گے۔

انھوں نے کہا رواں سال بھی ایمانداری کیساتھ پسماندہ طبقات کی خدمت کا کام جاری رکھیں گے۔