سندھ حکومت کا کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر عمرکوٹ کی 14 ہزار ایکڑ زمین الاٹ کرنے کا فیصلہ
سندھ حکومت نے ضلع عمرکوٹ میں 14006 ایکڑ اراضی زمین گرین کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر کاروباری ادارے کو دینے کی تیاری کرلی۔
اس ضمن میں سندھ حکومت نے ضلع عمرکوٹ ،تعلقہ بھنیاری، چھار تھر دیہہ ہورنگو میں ایک ادارے کو 14,008ایکڑ سرکاری زمیں کارپوریٹ زرعی فارمنگ کے لیے لیز پر دینے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے مذکورہ زمین گرین کارپوریٹ انیشیٹو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کو دی جائے گی۔
سندھ حکومت کے مذکورہ فیصلے پر سندھ بھر کے عوام اور انسانی حقوق کے کارکنان و سماجی رہنما نالاں ہیں۔
سماجی رہنماؤں کا ماننا ہے کہ سندھ میں سرکاری زمین بے زمین ہاریوں کو ملنی چاہیے نہ کہ کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر دوسرے اداروں کو دی جائے۔
سماجی رہنماؤں کا ماننا ہے کہ کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر ”کمپنی سرکار” کو زمینوں کی الاٹمنٹ کارپوریٹ نوآبادیت ہے
سندھ کے احتجاج کے باوجود 52 ہزار ایکڑ زمین فوج کی حمایت یافتہ کمپنی کے حوالے
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پچھلی نگراں حکومت پہلے ہی 2023 میں سندھ کی 52000 ایکڑ زمین کارپوریٹ فارمنگ کے لیے مذکورہ کمپنی کو الاٹ کر چکی ہے۔
سندھ کے عوام، سماجی رہنماؤں اور سیاست دانوں کا کہنا ہے کہ سندھ میں پہلے سے زراعت کے لیے پانی کی بدترین قلت ہے، کیونکہ پنجاب ناجائز آبپاشی کے منصوبوں کے ذریعے اپنے جائز حصے سے زائد پانی اوپر سے ہی چُرالیتا ہے اوپر سے کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر سندھ کی زمینوں کے ساتھ سندھ کے پانی کے حصے پر بھی مزید ڈاکہ زنی ہوگی، کارپوریٹ فارمنگ اور کینال کے ناجائز منصوبے سندھ کی معاشی نسل کشی کے مترادف ہے۔