سندھ کے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی منشیات اسکریننگ ٹیسٹ کا نوٹیفکیشن جاری
سندھ حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے کیسز کے خلاف ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی میڈیکل اسکریننگ شروع کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن سیکریٹری کالج ایجوکیشن آصف اکرام کی جانب سے جاری کیا گیا، جس کے مطابق محکمہ کالج ایجوکیشن میں ایک سہ رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی جو ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ، متعلقہ ضلع کے ریجنل ڈائریکٹر اور متعلقہ کالج پرنسپل پر مشتمل ہوگی۔
کمیٹی کے ٹی او آرز طے کیے گئے ہیں جس کے تحت میڈیکل اسکریننگ ٹیم کسی بھی سرکاری کالج کا اچانک دورہ کرے گی اور اس موقع پر محکمہ کالج ایجوکیشن کی ٹیم میڈیکل اسکریننگ ٹیم کی معاونت کے لیے موجود ہوگی۔
میڈیکل اسکریننگ ٹیم کالج میں کسی بھی طالب علم کا میڈیکل ٹیسٹ کر سکے گی۔
علاوہ ازیں، نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں میں سیمینار، ورکشاپس اور آگہی سیشن بھی کرائے جائیں گے جس میں طلبہ کو منشیات کے استعمال کے نقصانات اور اس کے ان کی تعلیم اور مستقبل پر پڑنے والے اثرات سے آگاہ کیا جائے گا۔
تعلیمی اداروں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں میڈیکل اسکریننگ کریں گی اور اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کی جانب سے محکمہ صحت سے اصول و ضوابط طے کیے جا رہے ہیں کہ کس بنیاد پر کالجوں کا انتخاب ہوگا اور کالجوں میں جاکر کس پیرا میٹر کی بنیاد پر طالب علم کی میڈیکل اسکریننگ ہوگی۔