ضلع شرقی سے پولیو کیس سامنے آگیا، سندھ کے کیسز کی تعداد 21 ہوگئی
کراچی ڈویژن کے ضلع شرقی سے سال 2024 کے ایک اور پولیو کیس کی تصدیق کے بعد سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد 21 تک جا پہنچی۔
قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے کراچی ضلع شرقی میں ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کردی۔
مذکورہ کیس 21دسمبر 2024کو سامنے آیا تھا، متاثر بچے کے اجزا ٹیسٹ کے لیے اسلام آباد بھجوائے گئے تھے، جہاں سے اب بچے میں پولیو کی تصدیق کردی گئی۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹربرائے پولیو سندھ کے مطابق سال 2024 میں کراچی کے ضلع شرقی سے یہ دوسرا کیس رپورٹ ہوا ہے، اس کے ساتھ صوبے کے مجموعی کیسز کی تعداد 21 تک جا پہنچی۔
اس سے قبل سال 2024 کا آخری پولیو کیس ضلع سکھر سے دسمبر 2024 کے اختتام پر آیا تھا۔
اس وقت صوبے میں سب سے زیادہ کیسز ضلع جیکب آباد سے چار جب کہ کیماڑی سے ترتیب وار تین سامنے آ چکے ہیں۔
صوبے میں سب سے زیادہ لاڑکانہ ڈویژن سامنے آ چکے ہیں، جہاں ضلع جیکب آباد سے چار، شکارپور سے ایک، کشمور سے دو کیس سامنے آ چکے ہیں اور لاڑکانہ ڈویژن کے کیسز کی تعداد بھی 7ہوگئی۔
کشمور سے رواں سال کا دوسرا پولیو کیس رپورٹ، سندھ کے کیسز کی تعداد 20 ہوگئی
پولیو کیسز کے حوالے سے دوسرے نمبر پر کراچی ڈویژن ہے، دارالحکومت کراچی کے کیماڑی ضلع سے تین، ملیر سے ایک، ضلع شرقی سے دو کیس رپورٹ سامنے آ چکے ہیں، یعنی کراچی ڈویژن سے مجموعی طور پر6 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
حیدرآباد ضلع اور ڈویژن سے دو پولیو کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ میرپور خاص ڈویژن کے ضلع میرپور خاص سے ایک، سانگھڑ اور سجاول سے ایک کیس سامنے آ چکا ہے۔
اسی طرح سکھر ڈویژن کے ضلع گھوٹکی سے ایک جب کہ ضلع سکھر سے بھی ایک کیس سامنے آچکا ہے۔
مجموعی طور پر سندھ بھر سے 26 دسمبر 2024 تک 20 کیسز سامنے آ چکے تھے جب کہ 10 جنوری 2025 کو سندھ کے ضلع شرقی میں ایک پولیو کیس کی تصدیق کی گئی جو کہ سال 2024 کا کیس تھا۔
سندھ میں سال 2024 میں مجموعی طور پر 21 پولیو کیسز سامنے آئے جب کہ ملک بھر سے سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 70 تک جا پہنچی۔