جیکب آباد سے پانچواں پولیو کیس رپورٹ، سندھ کے کیسز کی تعداد 21 تک جا پہنچی

سندھ کے شمالی ضلع جیکب آباد سے مزید ایک پولیو کیس سامنے آگیا، جس کے بعد ضلع سے سامنے آنے والے کیسز کی تعداد پانچ جب کہ صوبے بھر سے آنے والے کیسز کی تعداد بڑھ کر 21 ہوگئی۔

وفاقی وزارت صحت کے مطابق جیکب آباد سے حالیہ سامنے آنے والا کیس بھی 2024 کا ہے، کیوں کہ بچے میں 24 دسمبر کو علامات سامنے آنے کے بعد اس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، جس سے اب ثابت ہوا ہے کہ بچہ پولیو کا شکار بن چکا ہے۔

مذکورہ کیس کے بعد سال 2024 میں جیکب آباد سے آنے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 5 جب کہ صوبے سے آنے والے کیسز کی تعداد 21 ہوگئی۔

گزشتہ ہفتے بھی وفاقی وزارت صحت نے کراچی ڈویژن کے ضلع شرقی سے ایک پولیو کیس کی تصدیق کرتے ہوئے اسے بھی سال 2024 کا کیس قرار دیا تھا۔

ضلع شرقی کا کیس 21دسمبر 2024کو سامنے آیا تھا، متاثر بچے کے اجزا ٹیسٹ کے لیے اسلام آباد بھجوائے گئے تھے، جس کے بعد گزشتہ ہفتے جنوری کے آغاز میں بچے میں پولیو کی تصدیق کی گئی تھی۔

سال 2024 میں سندھ سے آنے والے کیسز کی تعداد 21 جب کہ پاکستان بھر کے کیسز کی تعداد 71 ہوگئی۔

سندھ سے سال 2024 میں آنے والے کیسز کی تفصیلات درج ذیل ہے۔

جیکب آباد: 05

کیماڑی: 03

کشمور: 02

ضلع شرقی: 02

حیدرآباد: 02

شکارپور: 01

گھوٹکی: 01

سکھر: 01

سجاول: 01

سانگھڑ: 01

میرپورخاص: 01

ملیر: 01