سانگھڑ میں قتل کیے جانے والے تین افراد کا مقدمہ درج نہ ہوسکا، ورثا کا لاشوں سمیت دھرنا

سانگھڑ میں جونیجو برادری کے جھگڑے میں 3 افراد کے قتل و 19 افراد زخمی ہونے کے واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہ ہو سکا۔
سانگھڑ میں دو برادریوں کے درمیان پیش آنے والے واقعے کے خلاف ورثاء نے رات بھر لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں بعد بھی انتظامیہ نے کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے۔
مظاہرین کے مطابق ایس ایس پی سانگھڑ مقدمے کا اندارج نہيں کر رہے۔
سانگھڑ میں جونیجو برادری کے دو گروپوں میں تصادم، تین افراد قتل، 19 زخمی
واضح رہے کہ سانگھڑ کے نزدیک چوٹیاری تھانے کی حدود میں واقع جانی جونیجو گاؤں میں کھیتوں میں مویشیوں کے گھس جانے کے تنازع پر جونیجو قبیلے کے 2 گروہوں کے مابین تصادم کے نتیجے میں 3افراد گولیاں لگنے سے جاں بحق جبکہ 3 خواتین سمیت 19 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
مذکورہ واقعے کے نتیجے میں صورتِ حال قابو سے باہر ہو گئی، پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، نامعلوم مسلح افراد نے ٹائر جلا کر سانگھڑ میرپور خاص، سانگھڑ نواب شاہ اور سانگھڑ حیدر آباد روڈز بلاک کر دیے جس کے نتیجے میں ٹریفک مکمل طور پر جام ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں تھیں۔
مسلح افراد کی ہوائی فائرنگ سے شہر کے مختلف کاروباری مراکز بھی بند ہو گئے۔
ادھر پولیس دعویٰ کر رہی ہے کہ اس نے مذکورہ واقعے میں ملوٹ 3 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔