کیماڑی میں گزشتہ چار سال سے گیس منقطع، پانی و بجلی کا بھی بحران

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے گڑھ سمجھے جانے والے کراچی ڈویژن کے ضلع کیماڑی کے دور دراز کے علاقے تو جدید دور میں بھی کئی سہولیات سے محروم ہیں، تاہم گزشتہ چار سال سے کیماڑی کے مرکزی شہری علاقے بھی گیس و پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں۔
سندھ بھر کے کئی دیہات، قصبے اور شہر آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، کیماڑی میں بھی گزشتہ چار سال سے گیس منقطع ہونے کا انکشاف ہوا ہے، علاقہ مکین جدید دور میں بھی لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔
علاقہ مکینوں نے دعویٰ کیا کہ سوئی سدرن گیس انتظامیہ نے چار سال سے گیس بلاجواز منقطع کر رکھی ہے جب کہ علاقہ مکینوں کے احتجاج کے باوجود بھی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔
علاوہ ازیں علاقہ مکینوں نے پانی کے سنگین بحران کی بھی شکایت کی اور دعویٰ کیا کہ کافی عرصے سے پانی بھی نہیں آ رہا، احتجاجوں کا کوئی فرق نہیں ہو رہا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق کیماڑٖی کے شہری علاقوں میں گزشتہ کئی سال سے یومیہ 12 سے 16 گھنٹے کی بجلی لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے جب کہ بجلی کے بل زیادہ دیے جاتے ہیں۔ؔ