ٹھٹہ: کم سن بھتیجی کو ریپ کے بعد قتل کرنے والے چچا سمیت دو ملزمان کو سزائے موت

IMG-20250202-WA0026

ضلع ٹھٹہ کی سیشن کورٹ نے کم سن بھتیجی کو اغوا کے بعد ریپ اور قتل کرنے کا الزام ثابت ہونے پر چچا سمیت اس کے ساتھی کو بھی سزائے موت سنادی۔

ٹھٹہ کے نواحی شہر گھارو میں 2019 میں مقتولہ بچی کے سگے چچا ارشاد ملاح اور سکندر شاہ نے دعا وسایو ملاح کو اغوا کرکے ریپ کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھا۔

سیشن کورٹ کی خاتون جج مشتری خانم نے یکم فروری کو فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ملزمان کو سزائے موت سنائی، ساتھ ہی عدالت نے ملزمان کو شواہد چھپانے کے الزام میں 7 سال قید بھی سنائی۔

عدالت کی جانب سے ملزمان کو سزائے موت سنائے جانے پر انسانی حقوق اور خصوصی طور پر بچوں کے حقوق پر کام کرنے والی تنظیموں نے اظہار مسرت کیا اور مطالبہ کیا کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

مذکورہ کیس گزشتہ 6 سال سے زیر سماعت تھا، پولیس نے مقتول کم سن بچی کی لاش ملنے کے چند دن بعد ہی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

کم سن بچی کی لاش کھیتوں سے ملی تھی، ان کے والد الطاف وسایو ملاح کی مدعیت میں بچی کے ریپ اور قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔