سندھ کابینہ کی پنک الیکٹرک موٹر سائیکلیں، ڈبل ڈیکر بسیں، سائنس فاؤنڈیشن قائم کرنے کی منظوری

سندھ کابینہ کے اہم اجلاس میں خواتین کیلئے ایک ہزار پنک الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی خریداری، ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر انتظام ڈاؤ سائنس فاؤنڈیشن قائم کرنے اور صوبائی دارالحکومت کے کی ڈبل ڈیکر بسیں خریدنے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں میہڑ پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ زیبسٹ کے حوالے کرنے، اینٹی نارکوٹکس کے ریکارڈ کو آٹومیٹڈ کرنے، کراچی واٹر اینڈ سیوریج منصوبے کے لئے دھابیجی تک ٹرانسمیشن لائن بچھانے ، ڈبل کیبن گاڑیوں کی رجسٹریشن ایک ہی کیٹیگری میں کرنے اور کے فور منصوبے کیلئے کلری بگھار فیڈر اور کینجھر جھیل کی توسیع کا منصوبہ کی لاگت پر نظرثانی کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
کابینہ کے اجلاس میں گندم کی پیداوار میں 20فیصد کمی کے خدشات کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کےاجلاس میں کئی اہم فیصلےکئے گئے۔
کابینہ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، خصوصی معاونین، چیف سیکریٹری اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔
سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ اجلاس میں ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر انتظام ’ڈاؤ سائنس فاؤنڈیشن‘ قائم کرنے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت اب ڈاؤ سائنس فاؤنڈیشن کمپنی سانپ اور پاگل کتوں کے کاٹنے کی ویکسینز ، ادویات اور دیگر چیزیں بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں میہڑ پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ زیبسٹ کے تحت چلانے کی منظوری دے دی، جس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار اور ہنر سیکھنے کے لئے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے سندھ کے لوگوں کے لئے مزید بسیں خرید نے کا فیصلہ کیا ہے، ڈبل ڈیکر بسیں خرید کرنے کی منظوری دی گئی۔
شرجیل میمن کے مطابق کابینہ اجلاس میں کے فور منصوبہ کے لیئے کلری بگھار فیڈر اور کینجھر جھیل کی توسیع کا منصوبہ کی لاگت پر نظرثانی کر کے منظوری دی گئی۔