پانی کی قلت سے سندھ میں خشک سالی کا امکان

بارشوں کے کم ہونے کی وجہ سے سندھ میں خشک سالی کا خدشہ پیدا ہوگیا جب کہ 13 اضلاع میں شدید خشک سالی ہونے کا خطرہ بھی بڑھ گیا۔

صوبے کے 13 اضلاع میں پانی کی شدید قلت اور خشک سالی کےخطرے سے متعلق سندھ حکومت کے محکمہ آبپاشی نے الرٹ بھی جاری کردیا۔

الرٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشیں کم ہونے کے باعث ڈیمز میں پانی کی قلت بڑھ گئی ہے جس کے پیش نظر صوبے کے مختلف اضلاع میں خشک سالی کی صورت حال ہو سکتی ہے

محکمہ آبپاشی کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق رواں ربیع سیزن 2024-25 میں ملک بھر میں بارشوں کی شدید کمی کے باعث پانی کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہوچکے ہیں۔

الرٹ میں بتایا گیا کہ 3 مارچ 2025 تک تربیلا ڈیم میں صرف 0.102 ملین ایکڑ فٹ اور منگلا ڈیم میں 0.226 ملین ایکڑ فٹ پانی موجود تھا اور رواں سیزن میں پانی کی شدید قلت ہونے کا امکان ہے۔

مراسلے کے مطابق کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، ٹھٹھہ، بدین میں خشک سالی کے اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں، دادو، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، لاڑکانہ، جیکب آباد اور تھرپارکر میں بھی صورت حال خشک سالی والی ہے۔