سندھ حکومت کا 5500 کمیونٹی ہیلتھ ورکرز بھرتی کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے صوبے میں روٹین امیونائزیشن کوریج(معمول کے حفاظتی ٹیکے) 69 فیصد سے بڑھا کر 95 فیصد کا ہدف حاصل کرنے کے لیے 26-2025 تک 5,500 لیڈی ہیلتھ ورکرز (LHWs) اور کمیونٹی ہیلتھ ورکرز (CHWs) کو بھرتی کرے گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں محکمہ صحت کی کارکردگی کے کلیدی اشاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صحت کی خدمات کے حوالے سے عالمی معیار اور بہتر صحت کے حصول، خاص طورپر خواتین اور بچوں کے لیے اہداف کا تعین کیا۔

اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، محتسب سندھ سہیل راجپوت، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ اور سیکریٹری پاپولیشن حفیظ عباسی نے شرکت کی۔

اجلاس کو آگاہی دی گئی کہ وزارت صحت نے حفاظتی ٹیکوں کی شرح بڑھانے کے لیے بھرتیاں کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔