صدر مملکت کی دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کے منصوبے کی مخالفت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کے منصوبے کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے فیصلے کی مخالفت کردی۔
پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں صدر آصف علی زرداری نے کہا وفاقی حکومت کچھ یک طرفہ فیصلے کر رہی ہے جو کہ ناقابل قبول ہیں، بطور صدر دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کے یکطرفہ حکومتی فیصلے کی حمایت نہیں کرسکتا۔
صدر مملکت نے انفرااسٹرکچر، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور معاشی مواقع میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی تاکہ ان شعبوں کے حوالے سے پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کیا جا سکے، انہوں نے ٹیکس کے نظام کو بہتر بنانے اور آئی ٹی انڈسٹری میں اصلاحات کے بارے میں بات کی۔
صدر زرداری نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ بجٹ میں تعلیم کے شعبے کے لیے مختص رقم میں اضافہ کریں اور وظائف اور مالی معاونت کے پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو مزید مواقع فراہم کریں۔
صدر مملکت کے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچسستان سرفراز بگٹی بھی پارلیمنٹ میں موجود رہے۔