صحافی، ڈراما نگار و لکھاری مانک کنگرانی انتقال کر گئے

FB_IMG_1742539866604

سندھی اور اردو سمیت سندھ میں بولی جانے والی دیگر زبانوں کے صحافی، شاعر، ڈراما نگار و لکھاری مانک ایس کنگرانی دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔

مانک ایس کنگرانی کا آبائی تعلق ضلع دادو سے تھا اور 21 مارچ کی صبح بیسویں روزے کی سحری کے وقت ہارٹ اٹیک کے باعث چل بسے۔

مانک ایس کنگرانی چند سال سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور متعدد بار اسپتال میں زیر علاج بھی رہے۔

مانک ایس کنگرانی نے زمانہ طالب علمی میں شاعری شروع کی اور بعد ازاں انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن سمیت سندھ ٹی وی چینلز کے لیے ڈراموں اور فلموں کی کہانیاں بھی لکھیں۔

مانک ایس کنگرانی کے شاعری اور افسانوں کی تین کتابیں شائع ہوئیں جب کہ وہ کئی اردو اور سندھی اخبارات میں کالمز بھی لکھتے رہے۔

انہوں نے شاعری اور ڈراموں کی کہانیاں لکھنے کے علاوہ صحافت میں بھی اپنا نام بنایا اور متعدد سندھی اور اردو اخبارات و ٹی وی چینلز میں کام بھی کرتے رہے۔

مانک ایس کنگرانی بھی ملک کے ان درجنوں بدنصیب صحافیوں میں سے ایک تھے جو کافی عرصے سے بیروزگار ہیں۔

مانک ایس کنگرانی گزشتہ چار سے پانچ سال سے مستقل ملازمت سے محروم تھے اور فری لانسنگ و پارٹ ٹائم ملازمت کرکے گزر بسر کر رہے تھے۔

مانک ایس کنگرانی کے انتقال پر کراچی پریس کلب، سندھی ادبی سنگت شاخ کراچی سمیت دیگر صحافتی، ادبی و فنکار تنظیموں نے اظہار افسوس کیا ہے۔