جامشورو: غیرت کے نام پر 10 سال قبل شادی کرنے والی خاتون، شوہر اور بچوں سمیت قتل

IMG-20250515-WA0015

ضلع جامشورو میں غیرت کے نام پر 10 سال قبل پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ان کے شوہر اور دو بچوں سمیت قتل کردیا گیا جب کہ قتل کیے جانے والے جوڑے کی جانب سے گود لی گئی چار سال بچی کو اغوا کرلیا گیا۔

سندھ سہائی آرگنائزیشن کے مطابق جامشورو کی تحصیل کوٹڑی کے علاقے خدا کی بستی میں رہائش پذیر خاندان کو چند دن قبل گھر میں گھس کر قتل کیا گیا، گھر سے لاشوں کی بدبو آنے کے بعد علاقہ مکینوں نے پولیس کو مطلع کیا۔

سینئر سپرنٹنڈٹ آف پولیس ’ایس ایس پی‘ جامشورو ظفر صدیقی نے میڈیا کو کہ گھر سے ملنے والی لاشیں کی شناخت عمران احمد خان اہلیہ عالیہ اور اس کے 2 کمسن بچوں کی ہیں۔

ظفر صدیقی کے مطابق چاروں افراد کو کسی تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، ہلاک افراد کا تعلق بلوچستان سے ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مقتول عمران احمد نے 9 سال قبل پسند کی شادی کرکے کوٹڑی میں رہائش اختیار کی تھی، واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا لگتا ہے اور لاشیں3 دن پرانی ہیں، لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئیں ہیں۔

سندھ سہائی آرگنائزیشن کی بانی ڈاکٹر عائشہ دھاریجو کے مطابق مقتول خاندان کا تعلق بلوچستان کے شہر اوستا محمد سے تھا، لڑکے اور لڑکی کی الگ الگ کاسٹ تھی، دونوں نے پسند کی شادی کی تھی، لڑکی کے اہل خانہ شادی پر راضی نہیں تھے۔