رسول بخش پلیجو کی بہن سیاسی رہنما حورالنسا پلیجو انتقال کر گئیں

قومی عوامی تحریک کے بانی، لکھاری، فلاسافر اور سیاست دان مرحوم رسول بخش پلیجو کی چھوٹی بہن سیاست دان، سماجی رہنما اور سندھیانی تحریک کی بانی حورالنسا پلیجو کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔
حور النسا پلیجو نے جوانی میں ہی اپنے بھائی رسول بخش پلیجو کی طرح سیاست میں قدم رکھا، زمانہ طالب علمی سے ہی وہ بھائی کی طرح سندھ کے مسائل پر متحرک ہونا شروع ہوئیں۔
انہوں نے بھائی رسول بخش پلیجو کی طرح سندھیانی تحریک کے تحت سندھ کے شہر، شہر اور قصبے قصبے جاکر خواتین میں شعور اجاگر کیا اور انہیں سیاست میں آنے کی دعوت دیتی رہیں۔
حور النسا پلیجو کو سندھ کی چند اولین خواتین سیاست دانوں میں بھی شمار کیا جاتا رہا، انہوں نے مرتے دم تک سندھیانی تحریک اور عوامی تحریک کے پلیٹ فارم سے سندھ کے مسائل پر آواز اٹھائی۔
حور النسا پلیجو کچھ عرصے سے علیل تھیں اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں، زائد العمری کی وجہ سے وہ متعدد طبی پیچیدگیوں کا شکار تھیں اور 16 مئی کو خالق حقیقی سے جا ملیں۔
حور النسا پلیجو کی آخری رسومات ضلع ٹھٹہ میں ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی گئیں، ان کی نماز جنازہ میں سندھ بھر کی سندھیانی تحریک کی خواتین سیاسی ارکان نے شرکت کی اور انہیں تدفین سے قبل سلامی بھی دی گئی۔